ویب ڈیسک:ملک میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر تیزی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے بعد صرافہ بازاروں میں نرخ نئی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ گزشتہ روز نمایاں کمی کے بعد آج قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار 400 روپے اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 90 ہزار 362 روپے تک جا پہنچی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 2 ہزار 915 روپے کا اضافہ ہوا ہے، اور یہ بڑھ کر 4 لاکھ 20 ہزار 406 روپے ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے ایک روز قبل سونے کی قیمت میں 7 ہزار 100 روپے کی بڑی کمی ہوئی تھی، جس کے بعد فی تولہ نرخ 4 لاکھ 86 ہزار 962 روپے تک گر گئے تھے۔ تاہم تازہ اضافے کے بعد مارکیٹ میں ایک بار پھر تیزی کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی اور مقامی عوامل کے باعث سونے کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ جاری ہے، جس سے سرمایہ کاروں اور خریداروں میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔