ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سبسڈی ہر بائیک سوار کو نہیں ملے گی:مشیر وزیرِ خزانہ

سبسڈی ہر بائیک سوار کو نہیں ملے گی:مشیر وزیرِ خزانہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے تناظر میں سبسڈی کے ممکنہ اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ یہ سہولت ہر شہری کو نہیں دی جا سکتی۔

وزیرِ خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے واضح کیا ہے کہ سبسڈی صرف مستحق افراد تک محدود رکھنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خرم شہزاد نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے یہ جانچ ممکن ہے کہ کون سبسڈی کا حقدار ہے۔ ان کے مطابق ایپ کے ذریعے موٹرسائیکل سواروں کی رجسٹریشن چیک کی جا سکتی ہے، جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کا ڈیٹا بھی اس حوالے سے رہنمائی فراہم کرے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ صوبائی حکومتوں کے پاس موٹرسائیکلوں سے متعلق مکمل ڈیٹا موجود ہے اور انہی کی جانب سے یہ تجویز دی گئی کہ اس شعبے میں سبسڈی دی جا سکتی ہے۔

 تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ہر موٹرسائیکل سوار اس سہولت کا اہل نہیں ہوگا، خاص طور پر وہ افراد جن کے پاس مہنگی یا ہیوی بائیکس ہیں، انہیں سبسڈی کی ضرورت نہیں سمجھی جائے گی۔

عالمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے خرم شہزاد نے کہا کہ کئی ممالک نے تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے، بعض جگہوں پر یہ اضافہ 70 سے 80 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے نسبتاً محتاط حکمت عملی اپنائی اور فوری طور پر قیمتوں میں مسلسل اضافہ نہیں کیا۔

انہوں نے یہ بھی عندیہ دیا کہ اگر عالمی سطح پر حالات بہتر ہوئے اور تیل کی قیمتوں میں کمی آئی تو حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کرے گی۔