امن اور استحکام میں رخنہ ڈالنے الوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، صدر آصف زرداری

  امن اور استحکام میں رخنہ ڈالنے الوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، صدر آصف زرداری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

اویس کیانی :  صدر مملکت آصف علی زرداری سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر  کی ملاقات ہوئی۔ 

چیف آف آرمی سٹاف  جنرلسید عاصم منیرنے صدر  آصف علی زرداری کو  صدر مملکت اور مسلح افواج کے کمانڈر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی، انہوں نے صدر مملکت کی کامیاب مدت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ 

ملاقات میں سید عاصم منیر  نے صدر مملکت کو دہشت گردی کے خلاف جاری فوجی آپریشنز سے آگاہ کیا، انہوں نے ملاقات میں سلامتی کو لاحق خطرات کے خلاف آپریشنل تیاریوں پر بھی روشنی ڈالی۔ چیف آف آرمی اسٹاف نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے علاقوں سمیت ترقیاتی منصوبوں میں فوج کے کردار بارے بھی آگاہ کیا ۔ 

صدر مملکت نے پاکستان کی مسلح افواج کے مثالی کردار کو سراہا، کہا کہ ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں فوج کی خدمات کلیدی حیثیت کی حامل رہی ہیں۔

صدر مملکت نے متاثرہ علاقوں کی سماجی ترقی کے لیے فوج کی کوششوں کو بھی سراہا، انہوں نے قومی ترقی کی جانب پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کو بھی اجاگر کیا۔ صدر مملکت کا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ 

  آصف علی زرداری نے قومی طاقت کے تمام عناصر کے ذریعے دہشت گردی کا بھرپور جواب  دینے کے قومی عزم کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے ایک مخصوص سیاسی جماعت اور اس کے چند افراد کی جانب سے ادارے اور اسکی قیادت کے خلاف محدود سیاسی مفادات کے حصول کیلئے لگائے گئے بے بنیاد اور بلاجواز الزامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ 

صدر مملکت نے امن اور استحکام میں رخنہ ڈالنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے عزم کا اظہارکیا، ساتھ ہی انہوں نے قوم کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا، کہا کہ شہداء کا خون ہمیشہ پاکستانی قوم کی استقامت اور طاقت کی علامت رہے گا۔ صدر مملکت نے شہداء اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش  کیا۔ صدر مملکت نے شہداء اور ان کے خاندانوں کی عزت و تکریم کیلئے قوم کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا۔ 

ملاقات میں پاکستان میں امن، سلامتی اور ترقی کی اقدار برقرار رکھنے کیلئے یکجہتی اور عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔