(حافظ شہباز) 72 ویں پنجاب گیمز کا میلہ لاہور میں سج گیا، آٹھ سال بعد ہونے والی گیمز کے پہلےروز کھلاڑیوں نے خوب جم کر مقابلوں میں حصہ لیا۔
پنجاب سپورٹس بورڈ اوراولمپکس ایسوسی ایشن پنجاب کے اشتراک سے 72ویں پنجاب گیمز کا میلہ لاہور میں سج گیا، 72 ویں پنجاب گیمز 2019 کی افتتاحی تقریب آج قذافی سٹیڈیم میں ہوگی جس کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چودھری محمد سرور ہوں گے، یہ گیمز 6 اپریل تک جاری رہیں گی آٹھ سال کے وقفے کے بعد ہونے والی گیمز میں صوبہ بھر سے تین ہزار کھلاڑی اور آفیشلز حصہ لے رہے ہیں، 30 کھیلوں کے 158 مقابلے ہوںگے، افتتاحی تقریب میں ساحر علی بگا سمیت دیگر فنکار بھی پرفارم کرینگے۔
گیمز میں مجموعی طور پر 30کھیلوں کے مقابلے ہوں گے، مقابلوں کے پہلے روز آرچری، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اتھلیٹکس کے مقابلے ہوئے، مقابلوں میں شریک کھلاڑیوں نے پنجاب گیمز کے انعقاد کو بہترین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ انکے لیے ان گیمز میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر آگے بڑھنےکا سنہری موقع ہے۔