ویب ڈیسک : ملک بھر میں ڈینگی نے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 افراد کی جان لے لی۔
سندھ ہیلتھ ڈایپارٹمنٹ کے مطابق کراچی میں ایک 30 سالہ خاتون اور 65 سالہ مرد ڈینگی بخار سے وفات پا گئے جس کے بعد ملک میں ڈینگی سے مرنے والوں کی تعدا د6 ہو گئی ہے، صرف کراچی اور حیدر آباد سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1411 نئے ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک کے باقی حصوں میں بھی ڈینگی کے حملے جاری ہیں۔
محکمہ صحت پنجاب کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 38 نئے ڈینگی مریض رپورٹ ہوئے جن میں لاہور میں 3، راولپنڈی میں 15 اور فیصل آباد میں 6 مریض شامل ہیں۔ لاہور میں ڈینگی کے مصدقہ مریضوں کی مجموعی تعداد 565 تک پہنچ گئی جبکہ پورے پنجاب میں یہ تعداد 3,074 ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 23 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 17 رورل ایریاز اور 6 اربن ایریاز سے تعلق رکھتے ہیں۔
انسداد ڈینگی مہم کے تحت اسلام آباد کے مختلف ہسپتالوں میں اس وقت 67 مریض زیرِ علاج ہیں۔انسداد ڈینگی ٹیموں نے شہر کے حساس علاقوں میں 861 مقامات پر فوگنگ اور 1,142 مقامات پر اسپرے کا عمل مکمل کیا,اس کے علاوہ شہر کے مختلف حصوں میں 30,137 انسپکشنز کی گئیں اور 185 پازیٹیو ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کی گئی۔
ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں ڈینگی ٹیمز کو روزانہ کی رپورٹ پیش کرنے اور ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔ پبلک مقامات پر آگاہی بینرز اور انفارمیشن بورڈز نصب کیے گئے ہیں اور متعدد افراد کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر حراست میں بھی لیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ صفائی کا خاص خیال رکھیں اور ڈینگی ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔