خان شہزاد: شہر کی اوپن مارکیٹ میں مہنگائی کا دباؤ برقرار ہے، جس کے باعث عام شہریوں کیلئے بنیادی راشن خریدنا مزید مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
گھی، کوکنگ آئل، چائے پتی، سرف، دالیں اور شکر جیسی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس سے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق درجہ اول کا گھی اور آئل 590 سے 595 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ درجہ دوم کا گھی اور آئل 540 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔
اسی طرح درجہ سوم کے گھی اور آئل کی قیمت 470 روپے فی کلو کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب مختلف اقسام کے چاول 320 روپے سے لے کر 640 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس بڑھتے ہوئے رجحان نے سفید پوش اور غریب طبقے کیلئے زندگی مزید مشکل بنا دی ہے، جبکہ حکومت سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر فوری کنٹرول کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔