( حافظ شہباز علی ) انگلش کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل سیزن اور پاکستان کرکٹ ٹیم کیساتھ سیریز کے شیڈول کی تبدیلی پر غور شروع کردیا، پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز 30 جولائی کی بجائے پانچ اگست سے شروع کیے جانے کی تجویزدے دی گئی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کیساتھ سیریز کے شیڈول میں تبدیلی پر غور کررہا ہے۔ نئے شیڈول کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔ انگلش کرکٹ بورڈ 8 جولائی سے کرکٹ سیزن بند اسٹیڈیم میں شروع کروانے پر غور کررہا ہے ۔
تاخیر کا شکار انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز سیریز جولائی میں کھیلنے پر غور جاری ہے جبکہ پاک انگلینڈ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 30 جولائی کی بجائے 5 اگست سے شروع کروانے کی تجویز زیر غورہے۔
پاک انگلینڈ سیریز کا شیڈول تبدیل ہونے کی صورت میں قومی ٹیم کے دورہ آئرلینڈ کے شیڈول میں بھی تبدیلی کی جائے گی۔ پاکستان نے انگلینڈ کیخلاف سیریز میں تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلنا ہیں۔
دوسری جانب جولائی میں سری لنکا میں شیڈول آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ ملتوی ہونے کا خدشہ بڑھ گیا۔ اہم اراکین نے ایونٹ ملتوی کرنے کا مشورہ دے دیا جبکہ حتمی فیصلہ آئی سی سی کرے گی ۔
علاوہ ازیں کورونا وائرس کی وجہ سے جنوبی افریقا اور آسٹریلیا جبکہ سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والی سیریز ملتوی ہونے کے بعد آئی سی سی نے چاروں ٹیموں میں یکساں پوائنٹس تقسیم کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث کئی لیگ اور بین الاقوامی مقابلے منسوخ ہو چکے ہیں جن میں ٹوکیو اولمپکس گیمز 2020، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) جبکہ انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) اور ٹینس کے مقابلے بھی شامل ہے۔