پنجاب حکومت نے اپٹما کو صنعتیں کھولنے کی اجازت دیدی

پنجاب حکومت نے اپٹما کو صنعتیں کھولنے کی اجازت دیدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سول سیکریٹریٹ (قیصر کھوکھر) مزدوروں کیلئے اچھی خبر،  چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک نے اپٹما کو صنعتیں کھولنے کی اجازت دے دی۔

  چیف سیکرٹری سے اپٹما کے وفد نے گروپ لیڈر گوہر اعجاز کی سربراہی میں ملاقات کی، سیکرٹری انڈسٹریز کیپٹن (ر) ظفر اقبال بھی اس موقع پر موجود تھے، وفد میں گوہر اعجاز کے ہمراہ عادل بشیر، عبدالرحیم ناصر، عامر شیخ، رضا باقرشریک تھے، گوہر اعجاز نے لاک ڈاؤن سے صنعتوں کی بندش سے پیدا ہونے والے مسائل سے چیف سیکرٹری کو آگاہ کیا، چیف سیکرٹری نے اپٹما رہنماؤں کو ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ وہ صنعتیں کھولیں، صنعتیں کھولنے سے ہزاروں بے روز گاروں کوروزگار ملے گا، چیف سیکرٹری نے سیکرٹری انڈسٹریز کیپٹن (ر) ظفر اقبال کو اپٹما کو درپیش مسائل پر ورکنگ پیپر تیار کرکے وفاقی حکومت بھجوانے کی ہدایت کی، چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت میں صنعتوں کو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے، صنعتوں کے مسائل جلد ہی حل کر دیئے جائیں گے۔

چند روز قبل آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن ( اپٹما) پنجاب کے چیئرمین عادل بشیر نے کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان برآمدی صنعت کی مدد کیلئے وسائل اور ذرائع کی تلاش کر رہے ہیں تو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے کارکردگی دکھانے کے لئے نوٹیفائیڈ انڈسٹریل ٹیرف 7.5 سینٹ پر جی ایس ٹی اور ود ہولڈنگ ٹیکس یکم جولائی2019 سے چارج کیا گیا ہے جبکہ فیسکو ریجن میں اپٹما ممبران نے اپریل 2020 کے لئے 7.5 سینٹ / کلو واٹ کے بجائے نوٹیفکیٹ بی 3 / بی 4 ٹیرف پر بجلی کے بل وصول کیے ہیں۔

واضح رہےکہ24 مارچ سے  کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں  لاک ڈاؤن نافذ ہے،  لاہور میں آج لاک ڈاؤن کا 40 واں روز ہے، تجارتی مراکز، شاپنگ مالز، بازار ، دکانیں بند اور کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں، لاک ڈاؤن کی وجہ سے  سب سے زیادہ دیہاڑی دار طبقہ متاثر ہورہا ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer