ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اب اپوزیشن نے گھبرانا ہے ، لانگ کریں یا شارٹ مارچ ، خوش آمدید، وزیراعلی پنجاب

Chief Minister Punjab Usman Buzdar
کیپشن: Chief Minister Punjab Usman Buzdar
سورس: city42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 زاہد چودھری:  وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ چودھری برادران سے ملاقات زبردست رہی ، اب اپوزیشن کو گھبرانا ہے ۔ کوئی لانگ مارچ کرے یا شارٹ ، خوش آمدید۔ ہم نے کسی کونہیں روکا۔

 رپورٹ کے مطابق 90 شاہراہ قائد اعظم میں نرسنگ کنونشن کے موقع پر وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار صحافیوں میں گھل مل گئے اور غیررسمی گفتگو کے دوران  ان کے تلخ وترش  سوالات کے  بھی خندہ پیشانی سے جواب دیتے رہے ۔

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار  نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو  میں کہا کہ چوہدری برادران سے ملاقات انتہائی زبردست رہی۔ اب اپوزیشن کو گھبرا نا ہے ۔کھل کر کھیلیں گے ڈرنے والے نہیں ۔ اپوزیشن کے لانگ مارچ کے سوال کے جواب پر ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی کو نہیں روکا۔جو بھی آئے اسے خوش آمدید کہتے ہیں۔ کوئی لانگ مارچ کرے یا شارٹ مارچ ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔اتحادی بھی ہمارے ساتھ ہیں اور عوام بھی۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے صحافیوں سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ سنائیں کیا خبریں ہیں،  جس پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ خبریں تو کل سے آپ کے پاس ہیں، چوہدری برادران کے ساتھ کیا طے پایا ؟  جس پر وزیراعلی کا کہنا تھا کہ ہم تو پہلے سے کہہ رہے ہیں کہ کچھ نہیں ہوگا۔اب بھی کہتے ہیں سب ٹھیک ہے کچھ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں لوگ مولاجٹ سیاست کے عادی ہیں لیکن ہم خاموشی سے کام کرتے ہیں۔ہم سر جھکا کر اپنا کام کررہے ہیں، کرتے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سکیورٹی حصار پسند نہیں لوگوں میں گھلنا ملنا چاہتا ہوں،جلد عوام سے ملاقاتیں شروع کروں گا،  انہوں نے معاون خصوصی حسان خاور کو ہدایت کی کہ سب سے پہلے صحافیوں کے ساتھ میٹنگ کا اہتمام کریں۔