سٹی 42:ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن نےلاہور میں بلدیاتی الیکشن کی نئی حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست جاری کر دی ہے، جن میں 159 یونین کونسلز کا اضافہ کیا گیا ہے۔
صوبائی دارالحکومت میں مجموعی طور پر 433 یونین کونسلز بنائی گئی ہیں، 2015 کے بلدیاتی الیکشن میں لاہور میں 274 یونین کونسلز تھیں،ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن لاہور کی ابتدائی فہرست کے مطابق راوی ٹاؤن 52، شالیمار میں 72، واہگہ ٹاؤن میں 25 یونین کونسل قائم کی گئی ہیں۔
ماڈل ٹاؤن میں 77، نشتر ٹاؤن میں 40 اور صدر کینٹ میں 29، رائے ونڈ سٹی میں 32، لاہور سٹی میں 69 اور علامہ اقبال ٹاؤن میں 37 یونین کونسل بنائی گئی ہیں، لاہور کے شہری 23 جون تک حلقہ بندیوں پر اعتراضات دائر کرسکتے ہیں، حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 10 اگست کو جاری ہوگی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نئی حلقہ بندیوں کے مطابق لاہور کے قومی اور صوبائی اسمبلی حلقوں کی تفصیلات کے مطابق لاہور میں قومی اسمبلی کے مجموعی طور پر 14 حلقے مقرر کیے گئے ہیں، جن میں NA-117 سے NA-130 تک کے حلقے شامل ہیں، یہ حلقے شہر کے مختلف شہری و مضافاتی علاقوں پر مشتمل ہیں۔
اسی طرح صوبائی اسمبلی کے لیے لاہور میں 30 حلقے تشکیل دیئے گئے ہیں، جو PP-144 سے PP-173 تک پھیلے ہوئے ہیں۔ یہ حلقے مختلف انتظامی یونٹس اور آبادی کے تناسب کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیے گئے ہیں۔
حلقہ بندیوں کے مطابق لاہور کو انتظامی طور پر مختلف تحصیلوں اور زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں لاہور سٹی، ماڈل ٹاؤن، کینٹ، رائیونڈ، واہگہ، شالیمار، راوی، نشتر اور سدر شامل ہیں، انتخابی حلقہ بندیوں کا مقصد آبادی کے تناسب کے مطابق نمائندگی کو بہتر بنانا اور انتخابی عمل کو شفاف بنانا ہے۔