شہزاد خان ابدالی: شہر میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں نمایاں فرق سامنے آنے پر کریانہ مرچنٹس نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں گندم کا زیادہ سے زیادہ ریٹ 4 ہزار روپے فی من بتایا جا رہا ہے، جبکہ بعض نجی کمپنیوں کا آٹا 7,200 سے 8,000 روپے فی من تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح نجی برانڈز کے 5 کلو آٹے کے تھیلوں کی قیمت 1,000 روپے تک پہنچ گئی ہے، جس سے صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔
کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن لاہور کے رہنما حافظ محمد عارف نے آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جانے چاہئیں۔
تاجروں اور صارفین نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں کی نگرانی کو مؤثر بنایا جائے اور غیر ضروری منافع خوری کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو مناسب نرخوں پر اشیائے ضروریہ دستیاب ہو سکیں۔