ملک اشرف : سرکاری گاڑیوں کو فیول کی فراہمی کے عوض 8 کروڑ روپےکی عدم ادائیگی کا معاملہ ،سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں کو توہین عدالت کیس میں 5 جون کو ہائیکورٹ طلب کرلیا گیا ۔
جسٹس انوارحسین نے برائٹ ڈے فلنگ سٹیشن کی درخواست پر سماعت کی۔درخواستگزار نے سیکرٹری بلدیات کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی۔درخواستگزارکی جانب سے چوہدری عمران رضا چدھڑ ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور بتایا کہ درخواستگزار کے فلنگ سٹیشن سے محکمہ بلدیات کی گاڑیوں نے فیول حاصل کیا، فیول فراہمی کے عوض ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی شیخوپورہ نے 8 کروڑ کے چیک دئیے ، میونسپل کمیٹی کی جانب سے دئیے گئے چیک باؤنس ہوگئے ، جس کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کیا ، عدالت نے سیکرٹری بلدیات کو فریقین کو سن کر قانون کے مطابق پندرہ روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا، سیکرٹری بلدیات کی جانب سے تاحال عدالتی حکم پر عملدرآمد نہیں کیا گیا ، درخواستگزاروکیل نےاستدعا کی کہ سیکرٹری بلدیات کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ۔