ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

شہباز شریف کی آج نیب میں طلبی، انسداد کورونا انتظامات مکمل

شہباز شریف کی آج نیب میں طلبی، انسداد کورونا انتظامات مکمل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ٹھوکر نیاز بیگ (سعود بٹ) نیب نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں آج طلب کیا ہےجبکہ  شہباز شریف نے عبوری ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی، جس پر جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ آج سماعت کر ے گا۔

قومی احتساب بیورو لاہور کے مطابق شہباز شریف کے خلاف ریفرنس آخری مراحل میں ہے،جس کیلئے سوالات کے جوابات درکار ہیں، شہبازشریف کی پیشی کے موقع تمام احتیاطی اقدامات کیے جائیں گے، کورونا کے پیش نظر تحقیقاتی ٹیم اور شہباز شریف کے درمیان ٹیبل پر گلاس وال کی تنصیب کی گئی ہے، تمام انٹرویو رومز کو باقاعدگی سے جراثیم کش اسپرے سے صاف کردیا گیا۔

نیب کی جانب سے ایس او پیز کے تحت شہباز شریف کو سوالنامہ گزشتہ پیشی پر فراہم کیا گیا، شہباز شریف کی خواہش پر انہیں زیادہ وقت فراہم کیا گیا تاکہ بیرون ملک سے مطلوبہ ریکارڈ حاصل کرسکیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز  شہبازشریف نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب کی جاری انکوائری میں گرفتاری کے خدشہ کے پیش نظر  لاہور ہائیکورٹ میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی ہے جس میں چیئرمین نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

 میاں شہباز شریف نے درخواست ضمانت میں مؤقف اختیار کیا کہ1972 ء میں انہوں نے بطور تاجر کام شروع کیا، وہ ایگریکلچر، شوگر اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کے کاروبار سے منسلک رہے ہیں، نیب نے بدنیتی کی بنیاد پرآمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بنایا ہے موجودہ حکومت کے سیاسی اثر و رسوخ کی وجہ سے نیب نے انکوائری شروع کر رکھی ہے، نیب کے تمام الزامات عمومی نوعیت کے ہیں، 2018 ء میں بھی اسی کیس میں گرفتار کیا گیا کیا تھا، دوران حراست نیب کیساتھ بھرپور تعاون کیا، نیب نے اختیارات کے ناجائزاستعمال کا ایک بھی ثبوت پیش نہیں کیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نیب ایسے کیس میں اپنے اختیار کا استعمال نہیں کرسکتا، جس میں کوئی ثبوت نہ ہو، تمام اثاثے گوشواروں میں ظاہر کیے ہیں، منی لانڈرنگ کے تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔

درخواست ضمانت میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا کہ نیب انکوائری دستاویزی نوعیت کی اور تمام کاغذات پہلے ہی نیب کے قبضے میں ہیں، ایک مرتبہ پھر گرفتاری کا خدشہ ہے، استدعا ہے کہ ضمانت قبل از گرفتاری منظورکی جائے، میاں شہباز شریف کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ہے، امکان ہے کہ جسٹس محمد طارق عباسی اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل دو رکنی بنچ آج ضمانت پر سماعت کرے گا۔

Sughra Afzal

Content Writer