( عمر اسلم ) حزب اختلاف حمزہ شہباز نے چیف جسٹس سے چیئرمین نیب کے انٹرویو کے حوالے سے انکوائری کے سلسلے میں لارجر بنچ تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا ہے، کہتے ہیں کچھ ثابت ہوا تو معافی مانگ کر سیاست چھوڑ دوں گا۔
اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے مسلم لیگ (ن) سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کے بارے میں دیے گئے چیئرمین نیب کے انٹرویو پر چیف جسٹس سے لارجربنچ بنانے کا مطالبہ کردیا ہے۔ حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ میری درخواست سننے سے پہلے چیئرمین نیب کے میرے بارے میں دئیے گئے انٹرویو کی درخواست سنی جائے، الزامات ثابت ہوئے تو معافی مانگ کر سیاست چھوڑ دوں گا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ وفاقی وزیر نے اعتراف کرلیا ہے کہ غیر منتخب لوگ فیصلے کررہے ہیں، بلی تھیلے سے باہر آ چکی ہے جبکہ ملکی معیشت وینٹی لیٹر پر ہے اور آئندہ بجٹ قوم کے منہ سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب کی وجہ سے لوگوں نے خودکشیاں کر لیں، اس عید پر دعا کروں گا کہ ملک قائم و دائم رہے، قائداعظم کے پاکستان بننے تک ملک خوشحال نہیں ہوسکتا۔