( سٹی 42 ) انویسٹی گیشن ونگ لاہور کا موبائل چوری روکنے کا اقدام رنگ دکھانے لگا، دو ماہ میں ای گیجٹ ایپ کی مدد سے ایک ہزار سے زائد موبائل چوری اور چھیننے والے پکڑے گئے۔
انویسٹی گیشن پولیس نے دو ماہ قبل ای گیجٹ سسٹم کا آغاز کیا تھا، جس کو ابتدائی طور پر لاہور کی موبائل مارکیٹس میں تاجروں نے استعمال کرنا شروع کر دیا۔ لاہور پولیس کے سی آر او ریکارڈ میں موجود 75 ہزار سے زائد موبائل فون کا ریکارڈ اس ایپ میں شامل کیا گیا ہے۔
دو ماہ کی قلیل مدت میں ہی لاہور پولیس نے ای گیجٹ کی مدد سے ایک ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ ایس پی سی آر او اسد الرحمان کا کہنا تھا کہ ای گیجٹ کی مدد سے لاہور کے ساتھ ساتھ دیگر اضلاع میں بھی ملزمان کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔