علی ساہی :ڈی آئی جی ٹریفک کے احکامات پر پنجاب بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ ماہ 5 لاکھ 54 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک لاکھ 78 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ لائسنس حاصل کیے، جبکہ ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد کو ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ اسی دوران ایک لاکھ 90 ہزار سے زائد شہریوں نے اپنے لرننگ اور ریگولر لائسنس کی تجدید کروائی، جبکہ 1,570 افراد نے گم شدہ لائسنس دوبارہ حاصل کیے۔
ترجمان کے مطابق 3 ہزار سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ بھی جاری کیے گئے، جبکہ 86 ہزار سے زائد افراد نے آن لائن لائسنسنگ سہولیات سے استفادہ کیا۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا قانوناً جرم ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانوں اور سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تربیت یافتہ ڈرائیورز کی تعداد بڑھنے سے پنجاب میں ٹریفک حادثات میں کمی آئی ہے، جبکہ ٹریفک پولیس شہریوں میں ڈرائیونگ لائسنس کی اہمیت سے متعلق آگاہی بھی فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ای ڈرائیونگ لائسنس کی قانونی حیثیت بھی کارڈ والے ڈرائیونگ لائسنس کے برابر ہے۔