افشاں رضوان:شہر کی اوپن مارکیٹ میں سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد نہ ہو سکا جسکے چلتے سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں مقررہ نرخوں سے کہیں زیادہ وصول کی جانے لگیں ہیں۔
مارکیٹ سروے کے مطابق متعدد اشیائے خورونوش سرکاری قیمتوں کے بجائے زائد نرخوں پر فروخت ہو رہی ہیں، جس کے باعث شہریوں کو مہنگی سبزیاں اور پھل خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔
سبزیوں میں پیاز کی سرکاری قیمت 95 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں یہ 150 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ ٹماٹر 210 روپے کے بجائے 260 روپے، چائینہ لہسن 235 روپے کے مقابلے میں 320 روپے اور ادرک 320 روپے کی بجائے 400 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔
اسی طرح دیسی لیموں کی سرکاری قیمت 150 روپے فی کلو ہونے کے باوجود اوپن مارکیٹ میں 600 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ شلجم 50 روپے کے بجائے 70 سے 80 روپے، بھنڈی 90 روپے کے مقابلے میں 150 روپے، پالک 25 روپے کے بجائے 40 سے 60 روپے اور دیسی ٹینڈے 90 روپے کی بجائے 150 روپے فی کلو فروخت کیے جا رہے ہیں۔
پھلوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں فرق دیکھا گیا۔ سندھڑی آم (اول) کی سرکاری قیمت 225 روپے فی کلو ہے، جبکہ مارکیٹ میں یہ 350 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انور رٹول آم 305 روپے کے بجائے 400 روپے فی کلو دستیاب ہے، سفید سیب 250 روپے کے مقابلے میں 280 روپے اور کیلے 215 روپے فی درجن کے بجائے 250 روپے فی درجن فروخت کیے جا رہے ہیں۔
علاوہ ازیں الائچی کی سرکاری قیمت 605 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن اوپن مارکیٹ میں اس کی قیمت 780 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔