سٹی 42 : پاکستان میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کیلئے حکومت نے ویکسینیشن کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔
ذرائع وزارتِ صحت کے مطابق آئندہ 4 ماہ میں مرحلہ وار پولیو ویکسین انجکشن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت پولیو ویکسین انجکشن 15 سال تک کے بچوں کو خصوصی مہم کے دوران لگائے جائیں گے،کراچی، لاہور، پشاور میں بچوں کو پولیو ویکسین انجکشن لگائے جائیں گے، ایک دن سے 15 سال تک کی عمر کے بچوں کو آئی پی وی لگائے جائیں گے۔
ذرائع وزارتِ صحت کا کہنا ہےکہ 15 سال عمر تک آئی پی وی لگانے کا مقصد قوت مدافعت بڑھانا ہے، پولیو ویکسین انجکشن 15 سال عمر تک کیلئے بطور بوسٹر کام کرے گا، پولیو ویکسین انجکشن سے بچوں کی قوت مدافعت میں نمایاں اضافہ ہو گا، پولیو کے خلاف بچوں کی قوت مدافعت کمزور ہونے کا خدشہ ہے، قوتِ مدافعت کی ممکنہ کمزوری پر پولیو وائرس کا پھیلاو بڑھا ہے، آئی پی وی ویکسینیشن مہم کیلئے ویکسین عالمی ادارے فراہم کریں گے۔
قومی ادارہ صحت نے بتایا ہے کہ رواں سال 2025 میں اب تک پولیو کے 14 کیسز کی تصدیق ہو چکی، پاکستان کے بیشتر اضلاع کے ماحولیاتی نمونے پولیو وائرس پازیٹو ہیں۔