( عرفان ملک ) ہنجروال میں گھریلو ملازمہ کے قتل کا معاملہ، چودہ سالہ گھریلو ملازمہ ثنا کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد ثابت ہو گیا۔
سال 2019 کی آخری رات ہنجروال کے علاقے میں ایک گھر میں چودہ سالہ ملازمہ کی پر اسرار طور پر موت واقع ہوگئی، پولیس نے لاش کو قبضے میں لیا اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ پولیس کے مطابق چودہ سالہ ثنا دو ماہ سے ڈاکٹر عمیرہ کے گھر میں کام کر رہی تھی۔ ڈاکٹر عمیرہ نے پولیس کو ابتدائی بیان میں بتایا تھا کہ ثنا سیڑھیوں سے گر کر زخمی ہو گئی تھی جس کو طبی امداد دی جا رہی تھی کہ موت واقع ہوگئی۔
پولیس نے ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ حاصل کی جس میں انکشاف ہوا کہ ثنا کو تشدد کا نشانہ بنا گیا تھا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتولہ کے جسم پر پانچ مقامات پر تشدد کے نشانات موجود ہیں۔ پولیس نے ڈاکٹر عمیرہ اور اس کے خاوند کو گرفتار کر لیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ فرانزک رپورٹ کا بھی انتظار ہے، بچی کے جسم پر دو ماہ پرانے تشدد کے نشانات بھی واضع ہیں۔ پولیس کے مطابق ڈاکٹر عمیرہ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ کام کاج ٹھیک نہ کرنے پر اسے مارا پیٹا جاتا تھا، ڈاکٹر عمیرہ منصورہ ہسپتال میں گائنی کی ڈاکٹر ہیں۔