علی ساہی: محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کل سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں دوسرے صوبوں کی گاڑیوں کی ری رجسٹریشن کا آغاز کر دیا جائے گا۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق دوسرے صوبوں کی گاڑیوں کی ری رجسٹریشن کے لیے این او سی، اصل کوائف اور نمبر پلیٹس پنجاب کے متعلقہ دفاتر میں جمع کروانا ہوں گے۔ تمام دستاویزات کی جانچ اور منظوری کے بعد گاڑی کو پنجاب کا نیا رجسٹریشن نمبر جاری کیا جائے گا۔
ایڈیشنل ڈی جی ایکسائز رضوان شیروانی نے بتایا کہ اوورسیز اور مقامی شہریوں کے لیے گاڑی کی ٹرانسفر اور رجسٹریشن کی بائیومیٹرک تصدیق کے لیے پاک آئی ڈی ایپ بھی حتمی مراحل میں ہے۔ نادرا کے ساتھ ڈیٹا انٹیگریشن مکمل ہو چکی ہے، جبکہ ایپ میں مکمل انضمام اور اسٹاف کی تربیت کے بعد اس سہولت کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے شہری گھر بیٹھے بائیومیٹرک تصدیق کر کے گاڑی کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔