ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے حبسِ بے جا میں رکھے 25 بھٹہ مزدور رہا کردیئے, بازیاب ہونے والوں میں خواتین، بچے اور مرد شامل تھے۔
جسٹس تنویر احمد شیخ نے شہری محمد حسن کی دائر درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت پولیس نے بھٹہ مزدوروں کو بچوں سمیت عدالت میں پیش کیا۔ وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ رائیونڈ میں قائم بھٹہ مالکان رانا دلدار اور رانا اکرم نے مزدوروں کو غیر قانونی طور پر حبسِ بے جا میں رکھا ہوا تھا ۔مقرر کردہ قوانین کے مطابق منظور شدہ اجرت بھی ادا نہیں کی جا رہی تھی۔ بھٹہ مالکان کے وکیل نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ بھٹہ مزدوروں نے ایڈوانس رقم لے رکھی ہے اور معاہدے کے مطابق اپنی مرضی سے کام کر رہے ہیں۔عدالت نے وکلاء کے دلائل اور بھٹہ مزدوروں کا موقف سننے کے بعد قرار دیا کہ مزدور آزاد شہری ہیں ۔۔ انہیں زبردستی روک کر نہیں رکھا جا سکتا۔ عدالت نے تمام بھٹہ مزدوروں کو فوری طور پر رہا کر دیا۔