ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 وزیراعلیٰ مریم نواز کاویژن، کائٹ فلائنگ ایکٹ2025پرعملدرآمدجاری

 وزیراعلیٰ مریم نواز کاویژن، کائٹ فلائنگ ایکٹ2025پرعملدرآمدجاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

طاہر جمیل : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 پر عملدرآمد کا سلسلہ لاہور میں جاری ہے, اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور کی ہدایت پر رجسٹرڈ تاجروں کے لیے “بسنت پورٹل” مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے پتنگ بازی کے سامان کی ترسیل کے لیے ٹرانسپورٹ پرمٹ جاری کیے جا رہے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق رجسٹرڈ تاجر بسنت پورٹل پر درخواست دے کر ٹرانسپورٹ پرمٹ حاصل کر سکتے ہیں، تاہم اس کے لیے گودام، آمد و رفت کے ذرائع اور پتنگ بازی کے سامان کی مکمل تفصیلات فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اب تک موصول ہونے والی 241 درخواستوں میں سے 81 تاجروں کو ٹرانسپورٹ پرمٹ جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ 82 درخواستیں عدم تصدیق کی بنیاد پر مسترد کر دی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ہدایت کی ہے کہ رجسٹرڈ تاجر دوسرے اضلاع سے سامان کی نقل و حمل کے لیے فوری طور پر بسنت پورٹل پر درخواست جمع کرائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پرمٹ کے حصول کے لیے ممنوعہ ڈور نہ بیچنے کا باقاعدہ حلفیہ اقرارنامہ جمع کروانا لازم ہوگا۔

ڈی سی لاہور کا کہنا ہے کہ پتنگوں پر مذہبی، سیاسی یا ملکی پرچم کی تصاویر ہرگز پرنٹ نہ کی جائیں، جبکہ ضلعی افسران کی جانب سے ٹرانسپورٹ گاڑیوں اور جاری شدہ پرمٹس کی سخت جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ ضلع سے باہر سے سامان لانے کے لیے ڈی سی آفس سے پیشگی اجازت نامہ حاصل کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور محفوظ بسنت کا انعقاد ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے قانون کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔