وقاص احمد :موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم کے بعد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر نئے جرمانے اور سزائیں آج رات 12 بجے سے نافذ ہو جائیں گی۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق آج رات کے بعد چالان ٹکٹس نئے جرمانوں کے مطابق جاری کیے جائیں گے۔
ترمیم شدہ قانون کے تحت موٹر سائیکل کے لیے کم سے کم جرمانہ 2 ہزار روپے جبکہ رکشے کا چالان کم از کم 3 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ کار اور جیپ سمیت دیگر نجی گاڑیوں کے لیے کم از کم جرمانہ 5 ہزار روپے ہو گا، جبکہ ٹریکٹر ٹرالی اور دیگر کمرشل گاڑیوں کا جرمانہ 10 ہزار سے 20 ہزار روپے تک رکھا گیا ہے۔
نئے قانون کے مطابق اوور لوڈنگ، رات کو بغیر لائٹس گاڑی چلانے، ون وے کی خلاف ورزی، کالے شیشے لگانے، بغیر ڈرائیونگ لائسنس یا کم عمر افراد کی ڈرائیونگ، اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑی چلانے پر جرمانوں کے ساتھ 6 ماہ تک قید کی سزا بھی دی جا سکے گی۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ چند روز سے شہریوں کو نئے چالان ٹکٹس اور قوانین کی آگاہی مہم جاری تھی جو آج ختم ہو رہی ہے۔
رات 12 بجے کے بعد نئے جرمانوں کا باقاعدہ نفاذ ہو گا اور خلاف ورزی پر نئے قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔