ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

نشے کے لیے رقم نہ ملنے پر شوہر کا بیوی اور تین بیٹیوں پر حملہ، ملزم گرفتار، حینا پرویز کا نوٹس

نشے کے لیے رقم نہ ملنے پر شوہر کا بیوی اور تین بیٹیوں پر حملہ، ملزم گرفتار، حینا پرویز کا نوٹس
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ثمرہ فاطمہ: لاہور کے علاقے کاہنہ میں نشے کے لیے رقم نہ ملنے پر ایک شخص نے اپنی بیوی اور تین بیٹیوں پر چھریوں سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں چاروں زخمی ہو گئیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور آلۂ واردات بھی برآمد کر لیا۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ مقدمے کی تفتیش تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے مکمل کی جائے اور ملزم کے خلاف مضبوط چالان پیش کر کے قانون کے مطابق سخت سزا یقینی بنائی جائے۔

حنا پرویز بٹ نے پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی ٹیم کو متاثرہ خاندان کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے اور اسپتال انتظامیہ کو زخمی خاتون اور ان کی تینوں بیٹیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچیوں پر تشدد کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، جبکہ نشے کی لت کسی شخص کو اپنی بیوی اور بیٹیوں کی جان خطرے میں ڈالنے کا جواز نہیں دے سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق خواتین پر تشدد کے واقعات پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

حنا پرویز بٹ نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ خواتین پر تشدد یا گھریلو تشدد کے کسی بھی واقعے کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔