فاران یامین: کینال روڈ پر ایف سی پل کے قریب ون ویلنگ کے دوران موٹرسائیکل بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت ابرار کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ابرار ون ویلنگ کے دوران موٹرسائیکل کا توازن برقرار نہ رکھ سکا، جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق نوجوان کا دوسرا بھائی بھی اسی ون ویلنگ گروپ کا رکن تھا۔ اطلاعات کے مطابق لالہ ساجد نامی ون ویلنگ گروپ ٹولیوں کی صورت میں کینال روڈ پر خطرناک انداز میں ون ویلنگ کر رہا تھا۔
لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق حادثے سے تقریباً ایک گھنٹہ قبل اسی گروہ کے خلاف کارروائی کی گئی تھی، جس کے دوران ایک مبینہ ون ویلر حسنین کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دیگر افراد موقع سے فرار ہوگئے تھے۔
ٹریفک پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم حسنین کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ اچھرہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا تھا، جبکہ حادثے کے بعد مزید تحقیقات جاری ہیں۔
حکام نے شہریوں، خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ اپنی اور دوسروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے ون ویلنگ جیسے خطرناک اور غیر قانونی عمل سے گریز کریں۔