سٹی42: ملک کےبیشترعلاقوں میں موسم گرم اورشدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہےتاہم شمال مشرقی پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان اور ملحقہ پہا ڑی علا قوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
شہر لاہور میں بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد جبکہ ہواؤں کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 5 اگست سے مون سون کے چھٹے اسپیل کی انٹری متوقع ہے، جس کے باعث شہر میں مزید بارشیں ہو سکتی ہیں۔بارشوں کے ممکنہ سلسلے کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اور الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر طریقے سے نمٹا جا سکے۔
شہر قائد میں آج مطلع ابر آلود ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے جبکہ آج شہر میں بوندا باندی کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ سمندری ہوائیں بھی بحال ہو چکی ہیں۔موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 27.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اعر دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ شہر میں جنوب مغرب سمت سے 24 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جس سے موسم مزید خوشگوار ہو گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی مطلع زیادہ تر ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی ہے، شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ موسم کی بدلتی صورتحال پر نظر رکھیں۔