(شاہد ندیم سپرا) لیسکو نے صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہم کرنے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کا پلان جاری کر دیا۔
لیسکو کی جانب سے صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کے لئے ترقیاتی کاموں کا آغاز ستمبر میں ہوگا، تمام افسران کو اگست میں برقی لائنوں کی پٹرولنگ کر کے ریکارڈ مرتب کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
مراسلے کے مطابق ستمبر میں ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کے لیے ضروری میٹریل کی فہرست فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ پندرہ ستمبر سے ترقیاتی کاموں کے لئےشٹ ڈاون کا شیڈول جاری کردیا جائیگا۔
اسی طرح اکتوبر میں افسران کو ضرورت کے مطابق میٹریل کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا جائیگا، آپریشن ونگ کے افسران میٹریل اور ہونے والے ترقیاتی کام کی تفصیل ہفتہ وار جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔
کام سے قبل اور مکمل کرنے کے بعد سائٹ کی تصاویر بھی جمع کرانے کی پابندی عائد کی گئی ہے، اس حوالے سے چیف انجینئر آپریشن لیسکو پرویز اقبال نے تمام متعلقہ افسران کو مراسلہ بھجوا دیا ہے۔