کلیم اختر: فیڈرل بورڈ آف ریونیو پاکستان نے ٹیکس دہندگان خصوصاً بلڈرز اور ڈیولپرز کو ڈبل ٹیکس کے بوجھ سے بچانے کیلئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے قانونی طریقے سے ٹیکس چھوٹ حاصل کرنے کا واضح طریقہ کار متعین کر دیا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق ٹیکس ادا کرنے والوں کو ایڈوانس ٹیکس سیکشن 236C سے استثنیٰ حاصل کرنے کا راستہ بھی فراہم کر دیا گیا ہے۔ جائیداد کی خرید و فروخت پر کٹنے والا اضافی ٹیکس اب ہر شخص پر لاگو نہیں ہوگا بلکہ مخصوص شرائط پوری کرنے والے افراد اس سے استثنیٰ حاصل کر سکیں گے۔
ایف بی آر کے نئے فیصلے کے تحت بلڈرز اور ڈیولپرز ٹیکس چھوٹ کیلئے درخواست دے سکیں گے، جبکہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کو کیس ٹو کیس بنیاد پر فیصلہ کرنے کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق صرف وہی افراد اس ریلیف کے اہل ہوں گے جن کی دیگر قابل ٹیکس آمدن موجود نہیں ہوگی۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ نئے فیصلے سے ٹیکس تنازعات میں کمی آئے گی، نظام میں شفافیت بڑھے گی اور پراپرٹی سیکٹر سے متعلق ٹیکس معاملات کو مزید واضح اور آسان بنایا جا سکے گا۔