ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی افغانستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی افغانستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا کہنا ہےکہ  خیبر پختونخوا حکومت  افغان بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، افغان عوام کو  جس قسم کی مدد کی ضرورت ہوگی خیبر پختونخوا حکومت  فراہم کرےگی۔

ایک بیان میں علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ  ریسکیو ٹیمیں، میڈیکل سہولیات  اور امدادی سامان فراہم کرنےکو تیار ہیں، زلزلہ متاثرین کی بحالی اور دیگر ضروریات میں بھی ہر ممکن مددکی جائےگی، افغان حکومت سے رابطہ کرکے زلزلہ متاثرین کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کردی ہے۔علی امین گنڈا پور نے  کہا  کہ افغان مہاجرین کو  اس طریقے سے نکالنےکے بالکل خلاف ہوں، وفاقی حکومت سےکہا ہےکہ افغان مہاجرین کو 6 ماہ کا وقت دیا جائے،6 ماہ میں افغان حکومت بھی حکمت عملی تیار کرلےگی، افغان مہاجرین کو بھی اپنی رہائش اورکاروبار کا بندوبست کرنےکا موقع ملےگا۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ 40 سال افغان مہاجرین کو اپنے پاس رکھا، اب اس طرح واپس بھیجنا نامناسب ہے، افغان مہاجرین کو  باعزت طریقے سے واپس بھیجنےکے اقدامات کر رہے ہیں، خیبرپختونخوا میں کسی افغان مہاجر کو تنگ نہیں کیا جا رہا، افغان مہاجرین پر چھاپے بھی نہیں مارے جاتے۔

ان کا کہنا تھا کہ  خیبر پختونخوا اس وقت بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور فلیش فلڈ کا شکار ہے، صوبہ اپنے دستیاب وسائل سے امدادی اور  ریلیف سرگرمیاں سرانجام دے رہا ہے، پنجاب ہمارا بھائی ہے، اس میں  رہنے  والے تمام لوگ ہمارے اپنے ہیں،  ہم  سے جتنا ہو سکا اپنے بھائیوں کے لیے ضرور کریں گے،  پنجاب حکومت کو کہا ہے جس چیز کی ضرورت ہو ہم دینے کے لیے تیار ہیں،  ہمیں اپنے بھائیوں کی تکلیف کا اندازہ ہے اور ان کے دکھ میں شریک ہیں۔

عمران خان کے حوالے سے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے دو طریقے ہیں جن سے وہ رہا ہوں گے،  بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا پہلا طریقہ آئین  اور قانون پر عملداری ہے، ملک میں اس وقت قانون نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی، جس دن قانون کی حکمرانی ہوئی بانی پی ٹی آئی ہمارے درمیان ہوں گے، بانی پی ٹی آئی کی باعزت رہائی یقینی ہوگی اور جھوٹے کیسز زمین بوس ہوجائیں گے۔

علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ  دوسرا طریقہ بانی پی ٹی آئی کا اسٹیبلشمنٹ سے سمجھوتہ  ہے، جو ممکن نظر نہیں آتا، بانی پی ٹی آئی نظریے پر کھڑے ہیں  اور  بچوں کے مستقبل کے لیے قید برداشت کر رہےہیں،  ہم بھی بانی پی ٹی آئی کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں، جیت ان شاء اللہ ہماری ہوگی، ہم بہت جلد سرخرو ہوں گے، عوام نے گھبرانا نہیں اور کوشش جاری رکھنی ہے۔