وقاص احمد :لاہور کے علاقے باٹا پور اور نشتر کالونی میں 2مبینہ پولیس مقابلے ہوئے، جن میں ایک ملزم ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
لاہور کے علاقے باٹا پور میں سی سی ڈی پولیس کا مبینہ مقابلہ ہوا، جہاں 42 سالہ ملزم صابر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق کھاڑا پل کے قریب ملزم کی گرفتاری کے لیے ریڈ کیا گیا، اس دوران ساتھی ملزمان کی فائرنگ سے صابر زخمی ہوا۔ زخمی حالت میں اسے طبی امداد کے لیے میو ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم صابر سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔
دوسری جانب نشتر کالونی میں سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن کا مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، جس میں غالب مارکیٹ کے علاقے میں 8 سالہ بچی سے زیادتی کرنے والا ملزم زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے سی سی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ کے لیے پستول نکالا، تاہم پستول چھیننے کے دوران گولی چل گئی جس سے وہ خود ہی زخمی ہوگیا, زخمی ملزم کو فوری طور پر جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے چند روز قبل 8 سالہ بچی سے زیادتی کی تھی۔