(ویب ڈیسک)بھارت میں کورونا وائرس کے بعد پُراسرار بخار کی وبا نے دھاوا بول دیا۔ درجنوں افراد جان کی بازی ہار گئے۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش میں گزشتہ ہفتے سر اٹھانے والی بیماری کی علامات میں سر درد، بخار، جوڑوں میں درد، پانی کی کمی وغیرہ جیسی علامات رپورٹ ہو رہی ہیں۔پُراسرار بخار زیادہ تر چھوٹے بچوں کو بیمار کر رہا ہے۔ رات کو بالکل ٹھیک سونے والے بچے، صبح ایسی حالت میں بیدار ہوتے ہیں کہ ان کا جسم پسینے میں شرابور اور جسم بخار سے تپ رہا ہوتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نامعلوم بیماری اترپردیش کے متعدد اضلاع میں پھیل چکی ہےاور اب تک سینکڑوں افراد کو مختلف ہسپتالوں میں داخل کرایا جاچکا ہےتاہم مرنے والوں میں سے کسی کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا تھا۔کچھ متاثرہ علاقوں کے طبی ماہرین کا خیال ہے کہ پُراسرار بیماری کچھ اور نہیں بلکہ ڈینگی بخار ہےجس کی وجہ مریضوں کے تیزی سے گرتے ہوئے ’پلیٹ لیٹس‘ بتائی جا رہی ہے۔دنیا بھر میں ہر سال ڈینگی کے تقریباً 10 کروڑ سنگین کیس رپورٹ ہوتے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا اور ڈینگی وبا کا مشترکہ اثر خطرات سے دوچار آبادیوں پر تباہ کن اثرات مرتب کر سکتا ہے۔