گردہ فروش ڈاکٹر پانچویں بار گرفتار، اس بار پورا گروہ پکڑیں گے،محسن نقوی

Kidney illegal transplantation, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سعود بٹ: گردوں کی غیرقانونی پیوندکاری میں ملوث گروہ کے سرغنہ ڈاکٹر فواد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اس کے گروہ کے 8 ارکان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔  وزیراعلیٰ سید محسن نقوی نے نیوز کانفرنس بلا کر اس گرفتاری کی اطلاع دی۔
 وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بتایا کہ ملزم ڈاکٹر فواد نے گردوں کے 328 غیرقانونی آپریشنز کا اعتراف کیا۔ لاہور پولیس نے پورے گینگ کا کھوج لگایا۔ڈاکٹر فواد کو پہلے بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر فواد نے لوگوں کے غیرقانونی آپریشن کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ اس گھناؤنے کام میں شامل 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔

گردہ فروش ڈاکٹر پانچ مرتبہ پکڑا گیا

نگراں وزیراعلیٰ  پنجاب محسن نقوی کہتے ہیں کہ ماضی میں پانچ مرتبہ گرفتار ہونے والا ملزم ڈاکٹر فواد ابتک 328 مریضوں کے گردوں کی ییوند کاری کر چکا ہے، غیر قانونی پیوندکاری روکنے کیلئے قوانین کو مزید سخت کریں گے، ملزم کی رہائی کیلئے پولیس پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، ملزم کے فرار میں مدد دینے والے پانچ پولیس اہلکار معطل کر دئیے گئے۔

ایوان وزیراعلی لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کرنے والا بڑا گروہ گرفتار کر لیا گیا ہے، آپریشن میں ملزم ڈاکٹر فواد کی معاونت کرنے والا شخص موٹر مکینک ہے،ملزم اسے قبل بھی پانچ مرتبہ گرفتار ہو ا مگر کمزور چالان کے باعث ضمانت پر رہا ہو گیا۔نگران وزیراعلی کا کہنا تھا کہ ایسے خطرناک جرائم میں ملوث افراد کی بیچ کنی کیلئے قوانین میں تبدیلی ضروری ہے۔ ہیلتھ کئیر کمیشن اور انسانی اعضاء کی پیوندکاری کے حوالے سے بنائی جانے والی اتھارٹی بھی فعال کردار ادا کرنے میں ناکام رہی۔

پولیس پارٹی کیلئے نقد انعام
 انہوں نے ملزم کو گرفتار کرنے والی پولیس پارٹی کیلئے پانچ لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا ۔
نگران وزیراعلی کا کہنا تھا کہ ملزم پرائیوٹ رہائش گاہوں کو ہسپتال کی غرض سے استعمال کرتا تھا اور بیرون ملک مقیم مریضوں سے پیوندکاری کیلئے ایک کروڑ روپے تک فیس وصول کر رہا تھا، محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وہ کوشش کریں گے کہ اس مکروہ دھندے میں ملوث تمام ملزمان کیفر کردار تک پہنچیں۔  آپریشن میں معاونت کرنے والا ڈاکٹر فواد کا شاگرد موٹر مکینک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کوشش کر رہی ہے، ملزمان کے سہولت کاروں کو جلد گرفتار کرلیا جائےگا۔ یہ گروہ آزادکشمیر میں آپریٹ کررہا تھا۔