ن لیگ کا باغی ارکان اسمبلی کو سبق سکھانے کا فیصلہ

ن لیگ کا باغی ارکان اسمبلی کو سبق سکھانے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : پاکستان مسلم لیگ ن نے باغی ارکان اسمبلی کو سبق سکھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والے پارٹی کے 5 ارکان کو پارٹی سے نکالنےکا فیصلہ کرلیا ہے جس کا اعلان پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے قیادت کی منظوری کے بعد کیا۔نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر پارٹی سے نکالے جانے والے اراکین پنجاب اسمبلی میں اشرف انصاری، جلیل شرقپوری، فیصل نیازی، نشاط ڈاہا اور مولوی غیاث الدین شامل ہیں۔پانچوں ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی (ن) لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ کے دستخطوں سے عمل میں آئی۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ نکالےگئے 5 ارکان کی پنجاب اسمبلی سے رکنیت ختم کرنے کیلئے پارٹی الیکشن کمیشن سے رابطہ کرے گی،اس کے علاوہ مسلم لیگ (ن)ٰ نے ایف اے ٹی ایف کی ووٹنگ میں غیرحاضر پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں جو راجا ظفر الحق کے دستخط سے جاری ہوئے۔جن ارکان کو شوکاز نوٹس جاری ہوئے ان میں راحیلہ مگسی، کلثوم پروین، دلاور خان اور شمیم آفریدی شامل ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہےکہ شوکاز کی کارروائی کے بعد اگلے مرحلے کا فیصلہ ہوگا۔


واضح رہےکہ مسلم لیگ (ن) کے 6 ارکان پنجاب اسمبلی نے قیادت کو مطلع کیے بغیر 2 جولائی کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی جن میں میاں جلیل احمد شرقپوری، چوہدری اشرف علی انصاری، نشاط احمد ڈاہا ، غیاث الدین، اظہر عباس اور محمد فیصل خان نیازی شامل تھے۔


دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری نے اے پی سی میں اپنے پارٹی قائد نوازشریف کی تقریر پرتنقید کی تھی اور اسے قومی مفاد کے خلاف قرار دیا تھا جس پر پارٹی نے ان کی رکنیت معطل کردی تھی۔خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کی مسلح افواج اور ایجنسیوں سے ملاقاتوں پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer