بریکنگ نیوز: پنجاب میں سموگ ایمرجنسی نافذ، سکولوں میں ماسک لازمی قرار دے دیا گیا

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

دُرِ نایاب:پنجاب میں سموگ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور پنجاب کےسکولوں میں ماسک لازمی قرار دے دیا گیا۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور فیکٹریوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائےگی۔

نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس فیصلہ کا اعلان بدھ کے روز پنجاب میں سموگ کے پیداکردہ بحران کے اثرات سے بچنے  کے لئے ہنگامی اجلاس میں کیا۔ 

انسداد سموگ اقدامات کے لئے وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت کئی گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں حکومت اور ماہرینِ صحت ، ماحولیات  نے سموگ کم کرنے اور اس کے پبلک خصوصاً بچوں پر اثرات کم کرنے پر غور و خوض کیا۔

ماہرین ماحولیات کی سموگ سے متعلق اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ سکولوں میں چھٹی کرنے اور ٹرانسپورٹ بند کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ 

محسن نقوی نے اجلاس میں تمام آرا پر بحث و تمحیص کے بعد اعلان کیا کہ ایک ماہ کے لئے تمام سرکاری و نجی سکولوں میں طلبا و طالبات کیلئے ماسک لازمی قرار دیا جائے اور  پنجاب بھر میں سموگ ایمرجنسی نافذ  کر دی جائے۔

محسن نقوی نے کہا کہ  طلباو طالبات کی صحت کے لیے  ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے۔ عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ ماسک کا استعمال کریں۔ 

نگراں وزیراعلیٰ نے تمام صوبائی وزراء کو کل سے سرکاری و نجی سکولوں کے وزٹ کرنے کی ہدایت کر دی۔

  محسن نقوی نے مزید بتایا کہ ماحول کو صاف رکھنے کے لئےگھروں کی تعمیر کے دوران مٹی، ریت اور تعمیراتی ملبہ پر  پانی کا چھڑکاؤ  نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
وزیر اعلیٰ نے اس ضمن کو کمشنر لاہور ڈویژن، محکمہ بلدیات اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہدایات جاری کر دیں 
وزیراعلیٰ نےسموگ کے دوران کاشتکاروں کے خلاف چالان واپس لینے کا حکم بھی دے دیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے اس ضمن میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو  ضروری ہدایات دیں۔

محسن نقوی نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ خود صورتحال کی نزاکت کو سمجھیں،  کاشتکار بھائی فصلوں کی باقیات نہ جلائیں بلکہ انہیں مناسب طریقے سے تلف کیا جائے۔ 

محسن نقوی نے کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور فیکٹریوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔ جو کچھ انسانی بس میں ہے سموگ میں کمی کے لئے ہر وہ اقدام اٹھایا جائے۔ تمام متعلقہ محکمے فعال طریقے سے انسداد سموگ کے لئے کام کریں۔ 
اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں ماہرین ماحولیات اور ماہرین صحت نے سموگ میں کمی اور سموگ کے اثرات سے بچاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے بارے میں مفصل بریفنگ دی۔
صوبائی وزراء،ایس ایم تنویر، ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر،منصور قادر، ابراہیم مراد،انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،سیکرٹریز، زراعت،صحت، ٹرانسپورٹ،ماحولیات،لوکل گورنمنٹ،سکول ایجوکیشن،انڈسٹریز،چیئرمین پی آئی ٹی بی،کمشنر لاہور،ڈی جی پی ڈی ایم اے،ڈی جی پی ایچ اے،ڈپٹی کمشنر،سی ٹی او لاہور،سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی اور متعلقہ محکموں کے سربراہ اس اجلاس میں شریک تھے۔