جنید ریاض: پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں کی مانیٹرنگ کے نظام میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے نئے انڈیکیٹرز تیار کر لیے ہیں، جن کے تحت اب سکولوں کی کارکردگی کا جائزہ 11 مختلف معیاروں پر لیا جائے گا۔
محکمہ تعلیم کے مطابق تمام ایجوکیشن اتھارٹیز کو نئے انڈیکیٹرز باقاعدہ طور پر فراہم کر دیے گئے ہیں، اور آئندہ تمام سکولوں کی مانیٹرنگ انہی معیاروں کے مطابق کی جائے گی۔
نئے نظام کے تحت اکیڈمک پرفارمنس کو سب سے زیادہ اہمیت دیتے ہوئے 20 نمبر مختص کیے گئے ہیں۔ طلباء کی انرولمنٹ برقرار رکھنے کیلئے 5 نمبر جبکہ سو فیصد حاضری کیلئے 10 نمبر مقرر کیے گئے ہیں۔
اساتذہ کی حاضری، ڈسپلن اور ڈریس کوڈ کیلئے بھی 10 نمبر رکھے گئے ہیں۔ اسی طرح سکولوں کی صفائی، ریکارڈ کی حفاظت اور مینٹیننس کیلئے 15 نمبر مختص کیے گئے ہیں۔
ہم نصابی سرگرمیوں، سکیورٹی اور سیفٹی کے معیار کیلئے بھی 15 نمبر رکھے گئے ہیں، جبکہ کلاس روم کی ڈیکوریشن، انفراسٹرکچر، سہولیات اور ای سی ای رومز کی موجودگی پر 5 نمبر دیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق اس نئے مانیٹرنگ سسٹم کا مقصد سکولوں کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانا، تعلیمی معیار بلند کرنا اور انتظامی نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔