سٹی 42 : وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں مزدوروں کے استحصال کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی.
وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے یوم مئی کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ بین الاقوامی معیارات کے مطابق مزدوروں کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات کئے جائیں گے. انہوں نے کہا کہ اسلام محنت کی عظمت پر مکمل یقین رکھتا ہے، ارشاد نبوی ﷺہے کہ مزدور کی مزدوری اس کا پسینہ خشک ہونے سے قبل دی جائے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اسلام محنت کی اہمیت کو کس قدر اہمیت دیتا ہے، یہ دن شکاگو کے ان مزدوروں کی یاد ہے جن کی قربانیوں کے نتیجے میں مزدوروں کو حقوق ملے، دنیا کی ترقی محنت کشوں کی محنت کا نتیجہ ہے. انہوں نے کہا کہ ایسے تمام طبقات جو بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ان کی بہتری کے لیے اقدامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لیبر قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنا رہے ہیں، رزق حلال کمانے والے اس معاشرہ کے قابل فخر لوگ ہیں، مزدوروں کے مسائل ہر سطح پر حل کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمیں اپنے محنت کشوں پر فخر ہے.