ویب ڈیسک: پاکستان سمیت دنیا بھرمیں مزدوروں کی قربانیوں اور ان کے حقوق کو اجاگر کرنے کیلئے عالمی یوم مزدور منایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں تمام بڑے شہروں میں ریلیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔
محنت کشوں کیلئےمنائے جانےوالے دن بھی مزدوراس دن کی اہمیت سے بےخبر اپنے بچوں کی روٹی کے لیے کام میں جتا ہوا ہے۔لیبر ڈے پر گوگل کا ڈوڈل بھی بدل گیاجبکہ ملک بھر میں آج عام تعطیل ہے۔
1886 کو یکم مئی کے دن امریکا کے شہر شکاگو کے مزدور، سرمایہ داروں اور صنعتکاروں کی جانب سے کئے جانے والے استحصال پر سڑکوں پر نکلے لیکن پولیس نے جلوس پر فائرنگ کر کے سیکڑوں مزدوروں کو ہلاک اور زخمی کیا جبکہ درجنوں کو اپنے حق کے لئے آواز بلند کرنے پر پھانسی دی گئی۔
شکاگو کے محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے دنیا کے بیشتر ممالک میں یکم مئی کو محنت کشوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے، یکم مئی کو ہر سال یہ دن اس عہد کے ساتھ منایا جاتا ہے کہ مزدوروں کے معاشی حالات تبدیل کرنے کے لئے کوششیں تیز کی جائیں۔
پاکستان میں قومی سطح پر یوم مزدور منانے کا آغاز 1973 میں ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں ہوا، اس دن کی مناسبت سے ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز اور ریلیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔