سٹی 42 : ایران میں حالیہ واقعات کے پیش نظر علمائے کرام کی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات کرنے والے علمائے کرام میں علامہ مطاہر، علامہ عارف وحیدی، سید وزیر کاظمی، سید احمد نقوی، عمران علی حیدری، سید بشارت حسین امامی، وجیدالحسن کاظمی، عابد حسین، امجد علوی اور سید زاہد حسین کاظمی شامل تھے ۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی اس موقع پر موجود تھے۔
محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ ایران پر حملوں پر ہر پاکستانی رنجیدہ ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر ہر مسلمان کا غم و غصہ بجا ہے۔ میں اور پوری حکومت آپ کے ساتھ ہیں۔ آپ کے ساتھ احتجاج میں شامل ہونے کے لئے تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک ہیں، دشمن ہمیں تقسیم کرنے کی سازش کر رہا ہے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ ہم نے قومی مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے احتجاج ریکارڈ کرانا ہے ۔ علمائے کرام نے ہمیشہ مشکل وقت میں قوم کی رہنمائی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پرامن احتجاج کریں اور اس ضمن میں علمائے کرام مظاہرین کی رہنمائی کریں ۔ قومی اتحاد، یکجہتی، ہوش مندی اور استحکام ہی اس وقت پاکستان کی اصل طاقت ہے۔
علمائے کرام نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، کہا کہ یہ انتہائی بڑا سانحہ ہے، مگر ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔