(اویس کیانی)وزیرِاعظم شہباز شریف سے وزیرِداخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی،محسن نقوی نے ملاقات کے دوران چار ملکی وزرائے داخلہ اجلاس میں اپنی شرکت کے بارے میں بریفنگ دی جس میں پاکستان کے علاوہ اٹلی، سپین اور یونان کے وزراء داخلہ شریک ہوئے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے پولینڈ میں ہونے والے چھ فریقی وزراء داخلہ اجلاس میں اپنی شرکت بارے بھی بریف کیا جس میں پاکستان اور پولینڈ کے علاوہ لیٹویا، فن لینڈ، ایسٹونیا اور لیتھوانیا کے وزراء داخلہ شریک تھے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے بریفنگ میں بتایا کہ دونوں کانفرنسز میں شریک ممالک نے پاکستانیوں کے لئے قانونی ورک پرمٹ کے جلد از جلد اجراء پر اتفاق کیا جبکہ رکن ممالک نے یورپی ممالک کی جانب غیر قانونی طور پر سفر کرنے والوں کی تعداد میں صرف ایک سال میں 47 فیصد کمی لانے اور انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لئے اقدامات پر پاکستان کی کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پولینڈ اور اٹلی پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے جلد ویزا کی شرط ختم کردیں گے، پاکستان کی امیگریشن اور بارڈر سیکیورٹی کی صلاحیت اور استعداد کار میں بہتری کے لئے یورپی یونین میں جلد از جلد پلان بھی پیش کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے وزیر داخلہ کی کاشوں کو سراہا، ملاقات میں ملکی داخلی اور مجموعی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔