افشاں رضوان:پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد مہنگائی سے پریشان عوام پر مزید بوجھ پڑ گیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے پہلے ہی جینا مشکل کر رکھا ہے، ایسے میں پٹرول مہنگا ہونے سے ہر چیز کی قیمت میں اضافہ ہو جائے گا۔ عوام کا مؤقف ہے کہ جب ایندھن مہنگا ہوتا ہے تو ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتیں بھی بڑھ جاتی ہیں۔
متعدد شہریوں نے شکوہ کیا کہ تنخواہیں وہی ہیں مگر اخراجات دوگنے ہو چکے ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے مسافروں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو ریلیف دینے کے اقدامات کرنے چاہئیں، مگر اس کے برعکس عوام پر مزید مالی بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پٹرول کی قیمت میں 8 روپے فی لٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 16 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے۔