زین مدنی : صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کا خواب تھا کہ فلم انڈسٹری ترقی کرے وہ آج پورا ہو رہا ہے، فلم سٹی بننے جارہی ہے وہ بہت سے مسائل حل کرے گی۔وقت کے ساتھ ساتھ چیزیں بدلتی ہیں اور ہمیں بھی بدلاؤ لانا ہے۔
ایک نجی ہوٹل میں ہدایتکارہ سنگیتا کی فلم ’’مکھو‘‘ (mokhoo) کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری بطور مہمان خصوصی شریک ہوئیں۔ اداکار معمررانا ،میرا ، اداکار غلام محی الدین ، راحیلہ آغا، سفیر ، مصنف و ہدایتکار پرویز کلیم، شہزاد رفیق، مسعود بٹ، صفدر ملک، اداکارہ راحیلہ آغا، نجم ملک، میاں طارق، جونی ملک، اداکار نواز خان، طلعت شاہ، جاوید رضا، سہیل ملک شریک ہوئے۔ ہدایتکارہ سنگیتا نے کہا کہ فلم کو 5 جون کو سیٹ کی زینت بناؤں گی25 دسمبر کو شوٹنگ ختم کروں گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کا خواب تھا کہ فلم انڈسٹری ترقی کرے وہ آج پورا ہو رہا ہے، میڈیم سنگیتا کا شکریہ ادا کرتی ہوں، فلمیں ہمارے کلچر کی عکاسی کرتی ہیں سوسائٹی کو نکھارتی ہیں۔ انہوں نے بتایا وزیر اعلی پنجاب کا ویژن تھا کہ سوسائٹی کے جو رویے خراب ہیں ان کو فلموں سے ٹھیک کیا جائے۔ آرٹس کونسلز کو شام کو سینماؤں میں تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کروں گی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلم فنڈ کا اگلا فیز آئندہ ماہ شروع ہوگا، جو اچھی فلم بنانا چاہتے ہیں وہ ضرور آئیں، جین زی کو ٹارگٹ کرکے ہم نے فلمیں بنانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اچھے موضوعات پر فلمیں بنانی پڑیں گی، جین زی کا اعتماد بحال کرنا ہے فلم کو معاشرے کے لیے بنانا چاہیے۔عظمی بخاری نے کہا کہ ہمارے ڈرامے پوری دنیا میں دیکھیں جاتے ہیں اچھی فلمیں بھی بنانی ہیں، فلم سٹی بننے جارہی ہے وہ بہت سے مسائل حل کرے گی، لیبارٹری بھی ہوگی اور دیگر تکنیکی کام بھی فلم سٹی میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری مری نہیں زندہ ہے۔
میں بہت شوقین ہوں فلمیں دیکھنے کی اب وقت نہیں ملتا، ہمیں بین الاقوامی معیار کی فلمیں اور کوالٹی دینی ہے، مجھے امید ہے کہ فلم فنڈ صحیح جگہ لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ چیزیں بدلتی ہیں اور ہمیں بھی بدلاؤ لانا ہے۔