ویب ڈیسک : بھارت کی سب سے بڑی پرائیویٹ فیول ریٹیل کمپنی نے پٹرول 5 روپے اور ڈیزل 3 روپے سستا کرنے کااعلان کر دیا،جبکہ سرکاری کمپنیوں کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں ٹینشن کم ہونے کی وجہ سے خام تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے پرائیویٹ فیول ریٹیل کمپنی ’نائرا انرجی‘ کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کی گئی ہے۔
بھارت کی سب سے بڑی پرائیویٹ فیول ریٹیل کمپنی ’نائرا انرجی‘ نے بدھ کے روز ملک میں اپنے پورے نیٹ ورک پر پٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کی تخفیف کر دی ہے۔ یہ 2 سال میں کسی بھی فیول کمپنی کے ذریعہ ریٹیل (خوردہ) فیول کی قیمتوں میں کی گئی پہلی تخفیف ہے۔انڈسٹری کے ذرائع نے بتایا کہ نائرا کے ملک بھر میں 7000 سے زیادہ فیول اسٹیشنوں پر نئی قیمتیں نافذ ہو گئی ہیں۔ ریاستوں میں پٹرول پمپ پر اصل قیمتیں الگ الگ ہو سکتی ہیں، جو ویٹ (ویلیو ایڈیڈ ٹیکس) جیسے لوکل ٹیکس پر منحصر کرتی ہیں۔ حالانکہ سرکاری فیول رٹیلرز نے قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔
دوسری جانب سرکاری کمپنیوں انڈین آئل کارپوریشن (آئی او سی)، بھارت پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (بی پی سی ایل) اور ہندوستان پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (ایچ پی سی ایل) نے قیمتوں میں کوئی بھی بدلاؤ نہیں کیا ہے۔ یہ تینوں کمپنیاں ملکر بھارت کے ایک لاکھ سے زیادہ فیول اسٹیشنوں میں سے 90 فیصد سے زیادہ کو آپریٹ کرتی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی میں آئی او سی آؤٹ لیٹس پر پٹرول کی قیمت 102.12 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 95.20 روپے فی لیٹر بنی ہوئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جب ایران جنگ کے سبب انٹرنیشنل آئل کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی تھیں، تب نائرا فیول کی قیمتیں بڑھانے والی پہلی رٹیلرز میں سے ایک تھی۔26 مارچ کو اس نے پٹرول کی قیمتوں میں5 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا تھا۔ بعد میں سرکاری فیول رٹیلرز نے بھی قیمتیں بڑھائی تھیں۔ مئی کے نصف آخر میں کئی بار انھوں نے قیمتوں میں تبدیلی کی، جس کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں مجموعی طور پر 7.50 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا تھا۔
بھارت کی پرائیویٹ کمپنی نائرا انرجی نے مارچ میں بڑھائی گئی فیول کی قیمتوں کو اب واپس لے لیا ہے۔ یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ حالیہ ہفتوں میں گلوبل آئل مارکیٹ مستحکم ہونے کے بعد بھارتی صارفین کو کم قیمت پر ایندھن مل سکتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ریفائنری میں مینٹیننس کا کام مکمل ہونے کے بعد نائرا انرجی طلب کو پورا کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے اور ملک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اپنے پورے نیٹ ورک کا استعمال کر رہی ہے۔ یہ کمپنی گجرات کے واڈینار میں ہر سال 20 ملین ٹن صلاحیت والی آئل ریفائنری آپریٹ کرتی ہے۔
Stay tuned with 24 News HD Android App