فاران یامین:کاہنہ میں ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے کے المناک واقعے کے بعد پولیس نے انفورسمنٹ آفیسر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔
ایف آئی آر کے مطابق مقدمہ غفلت اور لاپرواہی کی دفعات کے تحت گھر کے تین بھائیوں، عثمان، فیضان اور ریحان، جبکہ عمیر نامی مستری کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ ریحان کی اہلیہ عامیلہ نے گھر کے ایک کمرے میں ٹیوشن سنٹر قائم کر رکھا تھا۔ خستہ حال چھت کی مرمت کے دوران اس پر اضافی بوجھ ڈالنے کے باعث چھت اچانک گر گئی، جس کے نتیجے میں افسوسناک حادثہ پیش آیا۔
پولیس کے مطابق اس سانحے میں 14 بچے اور بچیاں جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں ریحان کی اہلیہ عامیلہ بھی شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔
کاہنہ واقعہ میں جاں بحق دو بچیوں ماہ نور اور تسبیح شہزاد کی نماز جنازہ مقامی جناز گاہ میں اداکردی گئی جس میں اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی،اس طرح وقوعہ میں جاں بحق 14 میں سے 9 بچے بچیوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے،گزشتہ رات علی، دعا، ارتضیٰ ، رمشا ، عبداللہ، ایمان فاطمہ اور عروج فاطمہ کی نماز جنازہ ادا کی گئی تھی۔