ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ موجودہ مایوس کن صورتِ حال کے باوجود پُر امید ہیں کہ 2023 کا الیکشن پی ٹی آئی ہی جیتے گی۔
سال نو کے موقع پر جاری پیغام میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ سال 2022 میں بہترین کارکردگی والی حکومت کو سازش کے تحت ہٹا کر ملک کو مجرموں کے حوالے کیا گیا، موجودہ مایوس کن صورتِ حال کے باوجود پُرامید ہیں کہ 2023 کا الیکشن پی ٹی آئی ہی جیتے گی۔
View this post on Instagram
2023 کے آغاز کے موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی تصویر جاری کرتے ہوئے ایک پوسٹ درج کی جس میں لکھا تھا کہ سال 2022 بیک وقت بہترین اور بدترین تھا“ ذاتی مفاد میں گُندھی ایک سازش کے ذریعے بہترین معاشی کارکردگی دکھانے والی حکومت کو ہٹایا گیا اور پاکستان کو مجرموں کے ایک گروہ کے حوالےکر دیا گیا‘۔ عمران خان نے لکھا کہ اس گروہ نے معیشت زمیں بوس کی، خود کو NRO-2 دیا اور نیب قانون میں ترامیم کے ذریعے تمام وائٹ کالر کرمنلز کیلئے لوٹ مار کے دروازے کھول دیے۔
2022 کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی نے لکھا کہ یہ سال بہترین یوں تھا کہ اسی دوران میں نے اہلِ پاکستان کو ایک قوم کےسانچےمیں ڈھلتے دیکھا، الیکشن کمیشن اور مقتدرہ کی مکمل پشت پناہی سے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے یکجا ہو کر تحریک انصاف کیخلاف صف آرا ہونے کے باوجود تحریک انصاف غیر معمولی عوامی تائید و حمایت سے 75فیصد ضمنی انتخابات میں فتحیاب رہی اور اس نےخود کوصحیح معنوں میں ایک قومی جماعت کےطور پر منظم کیا۔ انھوں نے عزم کا اظہار کیا کہ آج کل قومی منظر نامے پر، خصوصاً دیوالیہ پن کے امکانات کے باعث چھائی مایوسی کے باوجود میرا رب العزت پر ایمان اور اپنی قوم پر اعتماد ہے کہ تحریک انصاف بلاشبہ 2023 میں انتخاب کے ذریعے ایک مضبوط حکومت قائم کرے گی اور پاکستان کو بحرانوں کی اس دلدل، جس میں امپورٹڈ سرکار اور اس کے سرپرستوں نے ملک کو دھکیلا ہے، سے نجات دلوانے کیلئے ٹھوس ڈھانچہ جاتی اصلاحات متعارف کروائے گی۔