(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ میں سال 2021 کی پہلی درخواست ضمانت دائر کردی گئی، تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں امانت میں خیانت کے مقدمہ میں ملوث ملزم نے ضمانت قبل از گرفتاری منظوری کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں علامہ اقبال ٹاؤن کے رہائشی محمد آصف نے قبل از گرفتاری درخواست ضمانت چوہدری عمران رانجھا ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی، درخواستگزار ملزم کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزم کے خلاف تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں 4 جنوری 2020 کو امانت میں خیانت کا مقدمہ درج ہوا، مدعی سجاد حسین نے دو سال قبل کے وقوعے کا مقدمات 2020 میں درج کرایا، ایف آئی آر میں رکشہ لے جانے اور اسے واپس نہ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے، ایف آئی آر میں وقوعہ کی تاریخ بھی درج نہیں، بے بنیاد مقدمہ درج کرایا گیا ہے، ٹرائل کورٹ نے بھی ضمانت قبل از گرفتاری خارج کردی۔
درخواستگزار میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت درخواست قبل از گرفتاری منظور کرنے کا حکم دے۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں یکم جنوری سے موسم سرما کی تعطیلات کے دوسرے ہفتے کا آغاز ہوگیا، موسم سرما کی تعطیلات کے دوران ہائیکورٹ کے زیادہ تر ججز چھٹیوں پر چلے گئے، پرنسپل سیٹ پر چیف جسٹس محمد قاسم خان سمیت 9 ججز مختلف نوعیت کے کیسز کی سماعت کریں گے۔