میٹروپولیٹن کارپوریشن نے پریشر گروپ کے دباؤ میں نہ آنے کی ٹھان لی

میٹروپولیٹن کارپوریشن نے پریشر گروپ کے دباؤ میں نہ آنے کی ٹھان لی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( راؤ دلشاد ) میٹروپولیٹن کارپوریشن کا چئیرمینوں کے دباؤ اور بلیک میلنگ میں نہ آنے فیصلہ، شہر کی سڑکوں اور بحالی و مرمتی کاموں کے لئے کارپوریشن نے7 کروڑ کے ٹینڈرز جاری کرنے کی منظوری دیدی۔

ایک طرف چیئرمینز نے لارڈ میئر لاہور کی مخالفت میں کمر کس لی تو دوسری جانب میٹروپولیٹن کارپوریشن نے بھی پریشر گروپ کی بلیک میلنگ میں نہ آنے کی ٹھان لی، 7 کروڑ کے فنڈز سے شہر کی سڑکوں، گلیوں کی مرمت وبحالی اور اسٹریٹ لائٹس لگائی جائیں گی۔ جس کے تحت 40 ٹینڈر لگانے کے احکامات جاری کردیئے، ٹینڈرز کی تفصیلات کے مطابق ڈیڑھ کروڑ میں سے 9 زونز کو 15 سے 20 لاکھ روپے کا سٹریٹ لائیٹس کا سامان خریدنے کی منظوری دی گئی ہے۔

میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے نشتر اور عزیز بھٹی زون میں مین ہولز کی ریپئرنگ کی مد میں 30 لاکھ کی منظوری دی ہے، سرکلر روڈ تا دو موریہ پل پیچ ورک کے لیے 20 لاکھ، گورا قبرستان جیل روڈ کی چار دیواری کرانے کی 20 لاکھ میں منظوری دی گئی ہے۔ احمد ہاؤسنگ سوسائٹی میں ڈی سیلٹنگ کی مد میں 20 لاکھ، تاجپورہ روڈ پر پیچ ورک کے لیے 20 لاکھ، گرین ٹاؤن غازی چوک میں روڈ کٹ کے لئے 15 لاکھ جبکہ مکھن پورہ قبرستان کی چار دیواری کی مد میں 32 لاکھ کی منظوری دی گئی ہے۔

اسی طرح اسلام پورہ، ٹاؤن شپ، اسٹیشن، لنڈا بازار، الفیصل ٹاؤن، ہنجروال، لبرٹی مارکیٹ غالب روڈ، فیروز پور روڈ، رائیونڈ، چوہان روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بھی 15 سے 20 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے، تاہم سڑکوں کی بحالی و مرمت کے لئے 7 کروڑ روپے کے ٹینڈر 7 فروری کو کھولے جائیں گے۔

ایک طرف لارڈ میئر لاہورکے مخالفت کے لیے وجود میں آنے والے پریشر گروپ نے اعلان کیا ہے کہ مشاورت کے بغیر لگائے جانے والے یہ کام بھی منسوخ کرائیں گے، جبکہ دوسری جانب لارڈ مئیر لاہور بھی ڈٹ گئے، انہوں نے کہا کہ ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے کاموں کی اجازت دی ہے۔