(طاہر جمیل ) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جمہوری جماعتیں آئینی اداروں کا احترام اور تحفظ کرتی ہیں، شریف خاندان نے اداروں کے خلاف زبان استعمال کرکے آئینی اداروں کا استحصال کیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے میاں منظور ووٹو نے ڈیفنس میں ملاقات کی، اس موقع پر سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی جنگ لڑی، ہم نے ہر دور میں عدالتوں کا سامنا کیا مگر کبھی عدالتوں کی توہین نہیں کی، شریف خاندان نے عدالتوں کے فیصلوں کے بعد جو رویہ اختیار کیا، وہ شرمناک ہے۔ جمہوری جماعتیں آئینی اداروں کا احترام اور تحفظ کرتی ہیں۔ شریف خاندان نے اداروں کے خلاف زبان استعمال کرکے آئینی اداروں کا استحصال کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سب کا احتساب مانگنے والے اپنے احتساب کے عمل پر کیوں رو رہے ہیں، پیپلز پارٹی وقت پر الیکشن چاہتی ہے، دونوں رہنماؤں نے پارٹی کے سیاسی امور اور سینیٹ الیکشن پر بھی تبادلہ خیال کیا۔