روک سکو تو روک لو

روک سکو تو روک لو

سٹی 42: روک سکو تو روک لو ۔ملتان میں ہونیوالے پی ڈی ایم جلسہ کے دوران رکاوٹیں توڑ کر  دولہا اپنی دلہنیا کو لے گیا ۔

  

 تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ملتان میں جلسے کو روکنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے لگائے جانے والے کنٹینرز میں دلہا بھی پھنس گیا۔لودھراں کی تحصیل دنیاپور میں لگے کنٹینرز نے دلہے کو دلہن کے ساتھ کئی کلومیٹر پیدل چلنے پر مجبور کردیا۔باہمت نوجوان نے دلہن کو پکڑا اور پیدل ہی کئی کلو میٹر سفر کرتا رہا اور آخر کار اپنی منزل پہنچ گیا۔

 واضح  رہے کہ ملتان میں پی ڈی ایم کے جلسے کے باعث بیشتر سڑکیں بند کردی گئی تھیں اور شہر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی متاثر ہوئی۔پی ڈی ایم کے جلسے کو روکنے کے لیے مختلف اضلاع سے پنجاب پولیس کی اضافی نفری کو طلب کر لی گئی تھی۔ جبکہ کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیاں منگوالی گئی تھیں تاہم اوپر سے ہدایت ملنے کے بعد راستے سے رکاوٹیں ہٹادی گئیں۔

یاد رہے رکاوٹوں کے باوجود پی ڈی ایم نے ملتان میں جلسہ کیا ،جلسہ میں مریم نواز ، آصفہ بھٹو ،یوسف رضا گیلانی ،مولانا فضل الرحمان اور دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔اس موقع پر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے تیسری بار بھی گرفتاری کا کوئی خوف نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ گرفتاریوں کے خوف سے دیواریں پھلانگنے والی نہیں، بغیر کسی گناہ کے دو مرتبہ جیل کاٹ چکی ہوں لہٰذا مجھے تیسری بار بھی گرفتاری کا کوئی خوف نہیں مجھے گرفتار کیا بھی گیا تو کوئی ایشو نہیں ہے۔