سٹی 42: فیصل آباد کے علاقے چک نمبر 7 جے بی، سرگودھا روڈ پر مسلسل بارشوں کے باعث خستہ حال گھر کی چھت گرنے سے 6 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملبے تلے دبے تمام افراد کو نکال کر طبی امداد فراہم کی۔
ریسکیو حکام کے مطابق بارش کے باعث کمزور ٹی آر گارڈر والی پرانی چھت اچانک منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں گھر میں موجود افراد ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ریسکیو کر لیا۔
ریسکیو کے مطابق زخمیوں میں 30 سالہ اللہ رکھا، 27 سالہ ذیشان، اڑھائی سالہ فیضان، ایک سالہ محمد عثمان، ڈیڑھ سالہ ابیحہ اور ایک سالہ محمد سبحان شامل ہیں۔ دو زخمیوں کو مزید علاج کے لیے الائیڈ اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ دیگر متاثرین کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی۔