سٹی42:شہر میں مرغی کے گوشت سمیت مٹن، بیف اور انڈوں کی قیمتوں میں سرکاری نرخوں پر عملدرآمد نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے باعث شہری مہنگے داموں اشیائے خور و نوش خریدنے پر مجبور ہیں۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر گوشت کی قیمت 473 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں یہ 490 سے 495 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے، جو مقررہ نرخ سے 20 سے 25 روپے زیادہ ہے۔
اسی طرح مٹن کا سرکاری ریٹ 1600 روپے فی کلو ہونے کے باوجود مختلف مارکیٹوں میں 2400 سے 2800 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ بیف کی سرکاری قیمت 800 روپے فی کلو ہے لیکن قصاب 1000 سے 1200 روپے فی کلو وصول کر رہے ہیں۔
فارمی انڈوں کا سرکاری ریٹ 268 روپے فی درجن مقرر کیا گیا ہے، تاہم مارکیٹ میں ایک درجن انڈے 275 سے 278 روپے میں فروخت کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مرغی کا گوشت، جو کبھی نسبتاً سستا پروٹین سمجھا جاتا تھا، اب عام آدمی کی پہنچ سے بھی دور ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔